ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرس ایسوسی ایشن نے دیا وزیر اعلیٰ کے نام میمورنڈم۔ نجی اسکول ٹیچروں کے لئے مالی امداد کا مطالبہ

بھٹکل: آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرس ایسوسی ایشن نے دیا وزیر اعلیٰ کے نام میمورنڈم۔ نجی اسکول ٹیچروں کے لئے مالی امداد کا مطالبہ

Sun, 21 Jun 2020 11:15:13    S.O. News Service

بھٹکل،21؍جون (ایس او نیوز) آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرس ایسوسی ایشن کی جانب سے بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر کی معرفت ریاستی وزیرا علیٰ میمورنڈم دیتے ہوئے مطالبہ کیاگیا کہ نجی غیر امدادی اسکولوں میں خدمات انجام دے رہے اساتذہ اور عملے کو حکومت کی طرف سے مارچ مہینے سے باقاعدہ اسکول شروع ہونے تک ہر ماہ دس ہزار روپے کی مالی امداد فراہم کی جائے۔

 میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ نجی اسکولوں کی تنخواہ پر بھروسہ کرکے زندگی گزارنے والے اساتذہ اور عملے کے افراد لاک ڈاؤن کی وجہ سے اسکول نہ کھولے جانے سے مالی دشواریوں کا شکار ہوگئے ہیں اور وہ سب بدحال ہوکر راستے پر آنے جیسی کیفیت پیدا ہوگئی ہے۔طلبہ اور ان کے والدین کی طرف سے فیس ادا نہ کیے جانے سے اسکول انتظامیہ تنخواہ دینے سے قاصر ہے۔ایک طرف مارچ کے مہینے سے اساتذہ کو آدھی تنخواہ پر کام چلانا پڑ رہا ہے تو دوسری طرف بہت سارے اساتذہ کی نوکریاں ختم ہوگئی ہیں۔نتیجہ یہ ہوا ہے کہ اب اساتذہ پڑھانے سکھانے کے بجائے دوسری نوکریاں ڈھونڈنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

 میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ ایسے حالات میں اگر ریاستی حکومت نجی اسکولوں کے اساتذہ کو راحت پہنچانے کے لئے آگے نہیں بڑھے گی تو ریاست کے ہزاروں خاندا ن بدحالی کی وجہ سے سڑکوں پر آجائیں گے۔حکومت کی طرف سے آٹو رکشہ چلانے والوں اور ماہی گیروں کے لئے کئی اسکیمیں جاری کی گئی ہیں۔ لیکن دیش کا مستقبل بنانے والے اساتذہ کا ہی مستقبل خطرے میں پڑگیا ہے تو پھر ملک کا مستقبل کیا ہوگا؟اس لئے ہمیں یقین ہے کہ اساتذہ کے مسائل کو خود سرکارکا مسئلہ سمجھتے ہوئے اس کو حل کرنے اور نجی اسکولوں کے اساتذہ اور عملے کے بینک کھاتے میں 10ہزار روپے فی ماہ کے حساب سے جمع کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

 اس موقع پر اے آئی ٹی اے کے ریاستی میڈیا سیکریٹری محمد رضا مانوی، منجولا پائی، نعیم الحق اور فلپ ڈیسوزا موجود تھے۔


Share: